ADVERTISEMENT

کسی مصیبت کے وقت مسلم روایت میں آذان دے کر اللہ تعالیٰ سے رحم و کرم اور اس کا فضل طلب کرنے روایت بہت قریم ہے۔کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد منگل کی رات سے پاکستان میں بھی اس روایت کا احیا ہوا ہے۔ آوازہ کی انتہائی محترم کالم نگار اور ممتاز ادیبہ اور شاعرہ محترمہ شازیہ مفتی نے اس موضوع پر اپنے احساسات دل کی زبانی قلم بند کیے ہیں۔
******************************
اللہ اکبر حکومت کی طرف سے لاک ڈاون کا کل اعلان ہوا ۔کل رات تک سب جانے والے یہاں سے چلے گئے اب لاہور میں صرف لاہوریے رہ گئے ہیں ۔ توتے فاختہ چڑیوں اور کووں کی آوازیں میں خال خال انسانوں کی آواز آجاتی ہے کبھی کبھار کوئ گاڑی یا موٹر سائیکل گزرجاتا ہے میں ڈاکٹر نہیں جو ہسپتالوں میں موت سے لڑنے والوں اور موت کے درمیان دیوار بنے کھڑے ہیں ۔ میں پولیس اور فوج بھی نہیں جو اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے چاق وچوبند ہیں ۔ بنکر شاپ کیپر کچھ بھی نہیں ۔ میں اس مشکل وقت میں کیا کرسکتی ہوں ؟ گھر میں بیٹھ کر وباء پھیلانے سے روک سکتی ہوں . . . . . . . . . اور. . . . . . . . . . میں کھانا پکا سکتی ہوں ۔

میں نے ایک سالن پکایا ۔ بہت سی روٹیاں ۔ چاول اور ڈبوں میں پیک کرلیے ۔ کئ بزرگ ، ہمسائے ، دوست احباب اس وقت بہت مشکل میں ہیں ۔کئ بہت ضعیف ہیں وہ اکیلے رہ رہے ہیں ان کے مددگار جاچکے ہیں ۔وہ خود نہیں پکا سکتے بازاروں سے پکا ہوا کھانا نہیں مل رہا ۔ پانچ گھروں سے بہت ساری دعائیں سمیٹ لائی۔ کل کس نے دیکھی آج جو کرسکی کردیا . . . . . . . . . . . . اور ہاں آج سالوں بعد خود گاڑی چلائی ۔اکیلی پھرتی رہی ۔ جگہ جگہ فوجی جوان کھڑے ہیں ۔ رکاوٹیں لگاکر سڑکیں بند کر رکھی ہیں ۔ کئ جگہ تو مٹر گشتی کرتے ہووں کو مرغا بنے بھی دیکھا ۔ بہار کی خوشبو سے لدی ہوائیں چل رہی ہیں پھول کھلے ہیں اور خاموشی کا راج ہے ۔اللہ اکبر کی صدا گھروں سے اور مسجدوں سے بلند ہورہی ہیں ۔ . . . . . . اللہ اکبر اللہ اکبر. . . . . . . . .