ADVERTISEMENT
8مارچ عالمی یوم خواتین کے موقع پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ملک بھر میں” یوم تکریم نسواں “منایا گیااور خواتین کے حقوق کیلئے وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں اور ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں خواتین مارچ کئے گئے اور ”تکریم نسواں واک“ ہوئی ۔ملک بھر میں ہونے والی ان ریلیوں میں خواتین ،سکولوں و کالجز اور مدارس کی طالبات نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ۔اسلام آباد میں تیز بارش کے باوجود شاہراہ دستور پر خواتین مارچ ہوا ۔ مارچ کی قیادت سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ سید ،نائب امیر جماعت اسلامی و سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم ،امیر جماعت اسلامی صوبہ شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم و دیگر خواتین رہنماﺅں نے کی ۔ لاہور میں ہونے والی تکریم نسواں واک کی قیادت بیگم قاضی حسین احمدؒ ، بیگم سراج الحق، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی ،ربیعہ طارق، ڈاکٹر زبیدہ جبیں و دیگر نے کی۔
سینیٹرسراج الحق نے ڈی چوک اسلام میں خواتین مارچ سے خطاب میں مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بہنوں اور بیٹیوں کو جائیداد میں حق نہ دینے والوںکو انتخابات کے لیے نااہل قراردیا جائے۔ جماعت اسلامی کی طرف سے کسی ایسے امیدوار کو ٹکٹ نہ دیں گے جو بہنوں کو جائیداد میں حق نہ دیتا ہو۔”میرا جسم میری مرضی“ مغربی تہذیب ہے کیونکہ مغرب کی عورت کے پاس جسم کے سوا کچھ نہیں ہے ،میراجسم میری مرضی کہنے والی مظلوم ہیں ان کے مسائل اور مطالبات سے آگاہی کے لئے خواتین کا نمائندہ جرگہ بھجوایا جائے گا ان مظلوم خواتین کے مسائل سینیٹ میں اجاگرکروں گا،دوپٹہ اور چادر عزت کا نام ہے یہ نبی مہربان ﷺ کی طرف سے بہنوں اور بیٹیوں کو دیا گیا، عمران خان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ماں اور بہن سے کئے گئے وعدے کی پاسداری کریں قوم کی بیٹی کی امریکی جیل سے رہائی کے لئے حکومت گونگی اور بہری کیوں بنی ہوئی ہے، جو لوگ چوکوںاور چوراہوں میں خواتیں کو نچوانا چاہتے ہیں وہ قوم اور انسانیت کے خیر خواہ نہیں ہیں خواتین کو کاروبار کا زریعہ نہ بنایا جائے ۔ملک کے ہر ضلع میں خواتین یونیورسٹی قائم کی جائے خواتین کو گھر بنانے اور بچوں کی تعلیم کے بلاسودقرضے دیئے جائیں زینب الرٹ بل سے پھانسی کی سزاختم کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ مغرب ،آئی ایم ایف اور یورپ کو خوش کرنے کے لئے پاکستان کی بچیوں اور بچوں کو درندوں کے رحم و کرم پر چھوڑدیا گیا ہے۔ ریلی نیشنل پریس کلب اسلام سے ڈی چوک تک نکالی گئی۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آج کی یہ نمائندہ خواتین ریلی پاکستان کے جمہور اور انسانیت کی نمائندگی کرتی ہے۔ اسلام ذات پات کی تفریق پر یقین نہیں رکھتا۔خواتین کا مقدس مقام ہے، انسانیت کی پرورش میں خواتین کا ہی اہم کردارہے۔ مغربی تہذیب میں عورت کو بوٹ کا تسمہ سمجھا جاتا ہے، اسلام سے قبل خواتین کی منڈیاںلگتی تھیں اور ان کی بھیڑ بکریوں کی طرح خرید و فروخت ہوتی ہے ۔اسلام نے حکم دیا کہ جنت ماں کے قدموں میں ہے۔ اسلام نے ماں بہن بیٹی سب کے مقام کا تعین کیا۔اسلام نے نجی اور سیاسی معاملات میں عورت کی مشاورت اور وراثت میں اس کے حق کو تسلیم کیا گیا۔حضرت عائشہ صدیقہؓ سے عظیم علمی ورثاءمنتقل ہوا دوپٹہ اور چادر عزت کا نام ہے ۔انھوں نے کہا کہ مغرب میں بچیاں انتہائی مظلوم ہیں جو باپ کی شفقت سے بھی محروم ہیں،بھائی کی محبت اور شوہر کی وفاداری سے بھی محروم ہو گئی ہیں۔ ہمارے معاشرے میں گھر کی ملکہ طاقتور ہے۔ہماری تہذیب میں گھر میں مرد اورعورت کو مساوی حق حاصل ہے۔خاتون کو بھائی،باپ،شوہر کا حصار حاصل ہوتا ہے۔یہ خواتین کے پاسبان ہیں۔انہوں نے کہا کہ کچھ جگہوں پر میرا جسم میری مرضی کے پلے کارڈز اٹھائے جاتے ہیں ان سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ہو سکتا ہے کہ یہ واقعی مظلوم ہوں معاشرے نے ان پر ظلم کیا ہو شاید کوئی طلاق یافتہ عورت ہو شاید کسی خاتون پر اس کے خاندان والوں نے ظلم کیا ہو ہم ان خواتین کے احساسات اور خیالات سے آگاہی کے لیے خواتین کا نمائندہ جرگہ ان کے پاس بھیجیں گے، ان کے مطالبات اور ضروریات سے آگاہی حاصل کریں گے ،میں یک شفیق اور مہربان بھائی کی طرح
سینٹ میں ان کے حق میں آواز اٹھاﺅں گا ،یہ خواتین اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ یہ مرد یا عورت کی سوسائٹی نہیں بلکہ اسلامی سوسائٹی ہے، ہر ایک کا اپنا مقام ہے اسلام نے خواتین کوجو حقوق دیئے وہ کسی دوسرے مذہب نے نہیں دیئے ۔ہم خواتین کو ترقی کے راستے میں رکاوٹ نہیں سمجھتے ،عفت ماب بہنوں،بیٹیوں کی صلاحیتوں پر فخر ہے۔ان خواتین نے پارلیمانی اداروں سمیت ہر جگہ خود کو منوایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چادر اور دوپٹے کے ساتھ خواتین نے پارلیمنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا غیر سرکاری اداروں کی رپورٹ دیکھی جا سکتی ہے سابقہ پارلیمنٹ میں دینی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی پارلیمنٹرینز نعیمہ کشور اور عائشہ سید کارکردگی کے حوالے سے ٹاپ ٹین میں شامل تھیں۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ خواتین ڈاکٹرز،سیاستدان،انجینئرز،سائنسدان بنیں چاند مریخ کی طرف خواتین سفر کریں۔خواتین کو آگے بڑھنے کا مکمل حق حاصل ہے، خواتین ریلی کی چارٹر آف ڈیمانڈ کی حمایت کرتا ہوں ۔انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہاں خواتین کو بڑا رتبہ حاصل ہے ہم صرف خواتین کی سپورٹ حاصل نہیں کرتے بلکہ خواتین کو اپنے منتخب اداروں میں نمایاں مقام دیتے اور مشاورت میں شامل ہیں ۔خواتین جماعت اسلامی میں احتساب اور تنقید کا پورا اختیار رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ان بچیوں پر فخر ہے کہ جو دوپٹے میں میڈیکل کالجز سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں درجنوں ایوارڈ اور میڈلز لے چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج ہر کوئی پریشان ہے مرد و خواتین،کسان ،مزدور نوجوان لڑکے لڑکیاں سب پریشان ہیں۔تکلیف دہ نظام سے واسطہ ہے۔ہم بہنوں بیٹیوں کا وراثت میں حق تسلیم کرتے ہیں۔یہ اﷲ اور اس کے رسول کا حکم ہے۔افسوسناک امر یہ ہے کہ تعلیم صحت کے حوالے سے بجٹ کم ہو رہے ہیں میں مطالبہ کرتا ہوں کہ جی ڈی پی کا کم ازکم پانچ فیصد تعلیم کے لیے مختص کیا جائے اوراس میں 33 فیصد وسائل بچیوں کی تعلیم کے لیے بروئے کار لائے جائیں دفاتر میں خواتین ملازمین کے تحفظ کے لیے موثر قانون سازی کی جائے ملک بھر میں خواتین کے لیے الگ بسیں چلائی جائیں خواتین کی صحت کے لیے بنیادی مراکز قائم کیے جائیں ۔مسافر اڈوں پر خواتین کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا ۔خواتین یونیورسٹیاں بنائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ زینب الرٹ قانون سے قصاص کا اختیار نکالنے کی مذمت کرتا ہوں قصاص اسلام کا حکم ہے خون کا بدلا خون ہے۔ان ماﺅں سے پوچھو جن کے بچے اور بچیاں درندوں کا شکار بنے۔اس قانون کو تبدیل کیا جائے اور سرعام پھانسی کی سزا کا تعین کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ 365 دن خواتین کے دن ہیں ہر دن یوم حیاءہے ۔ خواتین ریلی کی طرف سے فلسطین اور کشمیر کی مظلوم خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیااور کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا ہر بزرگ نیلسن منڈیلا بن گیا ہے۔افغانستان سمیت جنگ زدہ علاقوں میں متاثرہ خواتین سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کیوں خاموش ہیں حکومت گونگی بہری کیوں بنی ہوئی ہے۔عمران خان نے ڈاکٹر عافیہ کی ماں اور بہن سے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کریں یہ تو امریکہ سے اس معاملے پر خاموش جاتے ہیں ۔
سیکرٹری جنر ل جماعت اسلامی امیر العظیم نے لاہور میں مال روڈ پر تکریم نسواں واک سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم مغرب کی مظلوم اور ستائی ہوئی عورت کو ہمدردی کا پیغام د یتے ہیں اور انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ اگر تمہیں عزت و احترام چاہیے تو اسلام کے سایہ میں آ جاﺅ اور حضرت محمد کا دامن رحمت تھام لو۔مغرب کے سحر میں مبتلا خواتین دین کی طرف آئیں ۔ ظلم و زیادتی مرد اور عورت دونوں کے ساتھ ہے ۔جماعت اسلامی حلقہ خواتین نے ملک بھر میں خواتین کے حقیقی مسائل پر آواز بلند کی ہے ۔ پاکستان میں ہی نہیں ، مغرب اور یورپ میں بھی خواتین محکوم و مجبور ہیں ۔ وہاں ان کے تحفظ کی کوئی ضمانت موجود نہیں ہے ۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی آواز عورت کے استحصال کے خاتمہ اور پوری دنیا میں خواتین کو حقوق دلانے کا ذریعہ بنے گی ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستا ن سمیت دنیا بھر میں چیزوں کی فروخت کے لیے خواتین کے اشتہار دیے جاتے ہیں ۔
امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ خود کو عورتوں کے حقوق کے چمپئن سمجھنے والے سب سے زیادہ اپنے ملکوں میں عورت کا استحصال کر رہے ہیں ۔یہاں عورتوں پر ظلم و زیادتی غریب اور امیر کی وجہ سے ہے ۔ جاگیرد ار وں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے غریب عوام کے حقوق دبا رکھے ہیں ۔ ان کے ظلم و جبر سے غریب عورت اور مرد دونوں پس رہے ہیں اگر جدوجہد کرنی ہے تو ظلم کے اس نظام کو بدلو اور جن لوگوں نے یہ نظام مسلط کر رکھاہے ان کے خلاف باہر نکلو ۔
امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے فیصل آباد میں خواتین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا وعدہ کیا تھا۔آج ملک میں عورت مارچ کے نام پر چند سیکولر خواتین بے ہودہ سلوگنز کے ساتھ معاشرے میں جو بے حیائی پھیلائی رہی ہیں وہ قابل مذمت ہے۔ پاکستان میں خاندانی نظام کو تباہ کرنے والے ملکی اساس اور مذہبی اقدار دونوں سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو ہر محاذ پر بری طرح مایوس کیا ہے۔ پاکستان کے دو قومی تشخص کو پامال کرنے کی خاطر ملک دشمن عناصر سرگرم ہیں اور حکومت وقت ان کی مکمل پشت پناہی کررہی ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کو آزاد خیال اور دین بیزار ریاست نہیں بننے دیں گے۔ مغرب زدہ خواتین کو جب مغرب میں کسی باپردہ خاتون کو تعصب کا نشانہ بنایا جاتا ہے تو وہ نظر کیوں نہیں آتا اور انہیں جموں و کشمیر اور فلسطین میں خواتین،بچوں پر بھارت اور اسرائیل کے ظالمانہ مظالم کیوں دکھائی نہیں دیتے؟ انہوں نے کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں انگریزوں اور ہند ¶ں کے کلچر کو فروغ دینے والوں کا قلع قمع کیا جائے اور حقیقی معنوں میں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ اللہ اور اس کے رسول کا نظام ہی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ اور اس کو اختیار کرکے ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ کوئی بھی ملک خواتین کے بغیر ترقی کے اہداف حاصل نہیں کرسکتا۔ 52فیصد آبادی پاکستان کی ترقی میں اپنا انتہائی اہم کردار ادا کررہی ہے اور ہمیں ان پر فخر ہے۔ آزادی نسواں کے نام پر مکروہ کھیل کھیلا جارہا ہے۔ اس کو ناکام بنانے کی اشد ضرورت ہے۔پاکستان کی غیور اور بہادر خواتین نے مغربی ایجنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔
جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سابقہ پارلیمنٹرین عائشہ سید نے ڈی چوک میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا ۔خواتین نے ہاتھ اٹھا کر اس کی بھرپور حمایت کی۔ریلی سے جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے امیر ڈاکٹرطارق سلیم نے بھی خطاب کیا ۔قبل ازیں جے آئی حلقہ خواتین کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عائشہ سید سابق ایم این اے بلقیس سیف،ڈپٹی سیکریٹری حلقہ خواتین سکینہ شاہد،ناظمہ جماعت اسلامی صوبہ پنجاب (شمالی) ثمینہ احسان ،اسلام آباد کی ناظمہ نصرت ناہیدکی قیادت میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے ڈی چوک تک حقوق نسواں ریلی نکالی گئی راولپنڈی کی ناظمہ نزہت حسنات،نزہت ناطق نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔