اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان مصر کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاع اور ثقافت کے شعبوں میں روابط کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں پاکستان میں مصر کے سفیر احمد فضل محمد یعقوب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے صدر مملکت سے الوداعی ملاقات کی۔ صدرمملکت نے دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے دوروں کی اہمیت پر زور دیا۔ صدر مملکت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی پر مصر کے موقف کو سراہا۔ صدر مملکت نے اقوام متحدہ ، او آئی سی اور ڈی ایٹ جیسے بین الاقوامی فورمز پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر نے دونوں برادر ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات میں بہتری لانے کے لئے سبکدوش ہونے والے سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔