اسلام آباد: اسلامی کانفرنس تنظیم کے سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی برائے جموں و کشمیر، جناب یوسف ایم الدوبے نے منگل کو وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران، اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کی خلاف ورزی میں، پانچ اگست 2019 سے اٹھاۓ گئے بھارتی اقدامات زیر گفتگو آئے۔
اس موقع پر وزیر خآرجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی اقدامات کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق شدت سے پامال ہو رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ دورہ پاکستان کے دوران، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے بیانات اس بات کے ثبوت ہیں کے کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا کے تمام متعلقہ ادارے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر متحرک ہوں۔ انھوں نے کہا کہ خطے کے امن و استحکام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا ضروری ہے۔ اس موقع او آئی سی سیکرٹری جنرل کے نمائندہ خصوصی نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اس سے قبل انھوں نے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سے بھی ملاقات کی۔