اسلام آباد: حکومت کی کفایت شعاری اور اخراجات میں کمی کی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے ایوان صدر اسلام آباد میں 2019ءکے دوران بجلی اور گیس کے استعمال کی مد میں 84 لاکھ 60 ہزار روپے کی نمایاں بچت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی لانے اور سرکاری رقوم کی بچت کے لئے کفایت شعاری کی پالیسی اختیار کی ہوئی ہے اور اس سلسلہ میں ایوان صد میں بھی مختلف شعبہ جات میں اخراجات میں کم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ایوان صدر میں بھی بجلی، گیس کے استعمال اور دیگر اخراجات کی مد میں کفایت شعاری کی پالیسی پر موثر انداز میں عمل کیا جا رہا ہے جس کے نتیجہ میں بجلی اور گیس کے استعمال میں کفایت شعاری اختیار کرتے ہوئے 2018ءکے مقابلہ2019ءمیں میں بجلی کے استعمال کی مد میں 74 لاکھ 30 ہزار روپے اور گیس کی مد میں 10 لاکھ 30 ہزار روپے کی نمایاں بچت کی گئی ہے۔