اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کم آمدنی رکھنے والے طبقات کے مسائل کے لیے ایک اور انقلابی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا جس کے تحت حکومت 25 ہزار روپے ماہانہ سے کم آمدنی والے خاندانوں کو راشن کی خریداری میں معاونت کرے گی۔
یہ انقلابی فیصلہ پیر کو وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے سربراہ موجود تھے جنھوں نے وزیر اعظم کو مہنگائی، اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات اور حکومت کے پاس دستیاب وسائل کے بارےبریفنگ بھی دی۔
وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے یہ عہد کر رکھا ہے کہ اس ملک میں کوئی بھوکا نہیں سوئے گا اور موجودہ حکومت ایسے سفید پوش طبقات کا سہارا بنے گی جن کی زندگی مسائل کا شکار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کم آمدنی رکھنے والے خاندانوں کے مسائل کو ماضی میں نظر انداز کیا لیکن وہ دور ختم ہو گیا اور اب اس ملک میں کوئی شخص رات کو بھوکا نہیں سوئے گا۔ اسی مقصد کے پیش نظر حکومت نے آٹا چینی دال اور گھی کی خریداری میں ان طبقات کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے وزیر اعظم نے وزارت خزانہ اور معاشی ٹیم کو خصوصی ہدایات جاری کردیں اور کہا کہ وہ اس مقصد کے لیے آئندہ بجٹ میں راشن خریداری کے لئے رقم مختص کریں۔
وزیر نے اس موقع پر یہ بھی فیصلہ کیا کہ وفاق اور صوبے مل کر فیصلے پر عملدرآمد کریں گے۔