اردو s کے نامور شاعر اکبر الہ آبادی کے صدسالہ یوم وفات کے موقع پر سن 2021ء کو اکبر الہ آبادی کے سال کے طور پر منایا جائے گا اور اس حوالے سے متعدد تقریبات ہوں گی، تحقیقی کتب، جرائد کے خاص نمبر وغیرہ شائع کئے جائیں گے۔
یہ اعلان ادارہ علم دوست پاکستان کے صدر شبیر ابن عادل نے کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری سطح پر سن 2021ء کو اکبر کا سال قرار دیا جائے اور اس حوالے سے تقریبات کا اہتمام کیا جائے۔اکادمی ادبیات پاکستان اور نیشنل بک فاؤنڈیشن سمیت تمام سرکاری اور غیرسرکاری ادارے اس حوالے سے باقاعدہ پروگرام تشکیل دیں۔کتابیں لکھی جائیں اور جرائد کے اکبر الہ آبادی نمبر شائع کئے جائیں۔ خاص طور پر سہ ماہی ادبیات اور انجمن ترقی اردو کے ماہنامہ قومی زبان خصوصی نمبر شائع کریں۔انہوں نے آرٹس کونسل اور کراچی پریس کلب کے علاوہ تعلیمی اداروں اور میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ اکبر الہ آبادی کے حوالے سے ہمہ گیر پروگرام تشکیل دیں۔
انہوں نے کہاکہ ادارہ علم دوست تمام ادبی اور سماجی تنظیموں کے اشتراک سے اکبر الہ آبادی کے سال کے حوالے سے ایک مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دے گا۔ اس کے علاوہ ادارہ علم دوست اکبر الہ آبادی یادگاری مشاعرے کا اہتمام کرے گا۔ ان کی حیات اور خدمات پر ایک میگزین یا کتاب اور اکبر الہ آبادی کے کلام کا انتخاب شائع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نومبر 2019ء میں تشکیل دئیے گئے ادارہ علم دوست کا مقصد معاشرے میں مطالعہ اور کتاب کلچر کو فروغ دینا ہے۔ کرونا کی وبا کے باوجود اس کام کو بہت پذیرائی ملی اور یہ کراچی کے علاوہ پورے ملک میں پھیلا ہے۔
نیوز کانفرنس سے علم دوست کی چئیر پرسن فرحانہ اویس، جنرل سیکرٹری میر حسین علی امام، سینئر نائب صدر سید تحسیم الحق حقی اور جوائنٹ سیکرٹری مجید رحمانی نے بھی خطاب کیا۔