ادارہ علم دوست پاکستان نے جمعہ (26 فروری) کو فرئیر ہال کراچی میں “مطالعہ کے فروغ میں کتب خانوں کا کردار” کے موضوع پر سیمینار کیا ۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے تعاون کیا تھا ۔
مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ نئی نسل کو بچپن ہی سے مطالعہ کی عادت ڈالی جائے ۔ تاکہ کتب خانے آباد کئے جاسکیں ۔ اس کے علاوہ کتب خانوں کو نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے ۔
تقریب کی صدارت منہاج یونیورسٹی لاہور کے پروفیسر ایمرٹس، مصنف، کالم نویس اور بلاگر ڈاکٹر رئیس احمد صمانی نے کی ۔ جبکہ ہمدرد یونیورسٹی کی پروفیسر ملاحت کلیم شیروانی مہمان خصوصی تھیں ۔ اور شہر کی معروف علم دوست شخصیت شیخ طارق جمیل مہمان اعزازی تھے ۔
تقریب سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈاکٹر منصور قاضی، سید خورشید شاہ، علم دوست کی چیئرپرسن اور ٹیلی ویژن کی نامور شخصیت فرحانہ اویس، صدر شبیر ابن عادل، جنرل سیکرٹری میر حسین علی امام اور م ص ایمن نے خطاب کیا۔
نظامت کے فرائض علم دوست کے جوائنٹ سیکرٹری مجید رحمانی نے انجام دئیے ۔ نامور شاعر نور الدین نور نے نعتیہ کلام پیش کیا ۔ اور ہدیہ نعت محترمہ ہما ناز نے پیش کیا ۔
تقریب میں شہر کی معروف علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی ۔