کراچی میں پیر ادارہ علم دوست پاکستان کے پہلے یوم تاسیس کے موقع پر علمی اور ادبی شخصیات میں علم دوست ایوارڈز تقسیم کئے گئے ۔ تقریب کی صدارت نامور مؤرخ، مصنف اور محقق پروفیسر ڈاکٹر نگار سجاد ظہیر نے کی ۔
جبکہ مہمان خصوصی روٹری کلب کے ڈسٹرکٹ گورنر ڈاکٹر فرحان عیسی اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی اسد اللہ تھے ۔
ایوارڈز پروفیسر عنایت علی خان مرحوم، سید اطہر علی ہاشمی مرحوم، پروفیسر ڈاکٹر نگار سجاد ظہیر، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی، پروفیسر ڈاکٹر رئیس احمد صمدانی، عقیل عباس جعفری، علی حسن ساجد، نعیم قریشی، راشد اشرف، طارق رحمن فضلی، طارق جمیل، فرحانہ اویس، شبینہ فراز، سید تحسیم الحق حقی، جاوید مہر، اشفاق احمد اور حامد اسلام خان کو دئیے گئے ۔
تقریب سے دوسروں کے علاوہ ڈاکٹر مرتضی مغل، پی ایف یو جے کے صدر جمالی، ڈاکٹر فلک قادر، راحیلہ فردوس، رضوان صدیقی اور ادارہ علم دوست کے صدر شبیر ابن عادل، چیئرپرسن فرحانہ اویس اور جنرل سیکرٹری میر حسین علی امام نے بھی خطاب کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ علم دوست پاکستان مطالعہ اور کتاب کلچر کے فروغ کے لئے بھرپور عزم، مستقل مزاجی اور جامع منصوبہ بندی کے ساتھ کام کررہا ہے ۔ جس سے امید ہے کہ وہ معاشرے میں کتاب کو اس کا جائز مقام دلانے میں کامیاب ہوں گے ۔
اس موقع پر ایک مجلہ بھی شائع کیا گیا ہے ۔
تمام شرکاء میں کتابوں اور جرائد کے تحائف پیش کئے گئے ۔