قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 تھرپارکر کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی امیدوار پیر امیر علی شاہ جیلانی ایک لاکھ 3 ہزار ووٹ لیکر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے ہیں ، جبکہ تحریک انصاف اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی مذہبی جماعت غوثیہ جماعت کے مشترکہ امیدوار نظام الدین راہموں 50 ہزار ووٹ کے ساتھ دوسر ے نمبر پر رہے۔
رات گئے تک 318 پولنگ اسٹیشنز سے ملنے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 تھرپارکر کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے پیر امیر علی شاہ جیلانی ایک لاکھ 3 ہزار 502 زائد ووٹ لیکر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے ہیں ، جبکہ تحریک انصاف اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی مذہبی جماعت غوثیہ جماعت کے مشترکہ امیدوار نظام الدین راہموں 50 ہزار 553ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر رہے۔ باقی 10 امیدوار وں کی ضمانت ضبط ہوگئی ہے۔ ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوار نے تحریک انصاف کو 52ہزار 949 ووٹ کی لیڈ سے شکست دی ہے۔ یہ نشست پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی پیر نور محمد شاہ جیلانی مرحوم کے انتقال سے خالی ہوئی تھی ۔
اس نشست پر 2018 ء عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کے پیر نور محمد شاہ جیلانی کے 80ہزار 47 ووٹ لیکر کامیاب ، جبکہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور غوثیہ جماعت کے سربراہ شاہ محمود قریشی کو 72ہزار 884 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔ پیرنورمحمد شاہ جیلانی نے مخدوم شاہ محمود قریشی کو7ہزار 163 ووٹ سے شکست دی تھی اور ووٹ کاسٹنگ کی شرح 68.68فیصد رہی ۔
عام انتخابات 2018ء میں 2لاکھ 42 ہزار 458 ووٹرز تھے ، جبکہ 21 فروری 2021ء کے ضمنی انتخاب کے لئے 2 لاکھ 81ہزار 900 ووٹرز ہیں۔ ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے ووٹ میں تقریباً 24 ہزار ووٹ کا اضافہ ہوا ہے ، جبکہ تحریک انصاف کے ووٹ میں تقریباً 22 ہزار ووٹ کی کمی آئی ہے۔