اقوام متحدہ ک کوآرڈینیشن کمیٹی (سی۔پی۔سی) کا انتخاب پاکستان نے جیت لیا۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کی معاشی وسماجی کونسل (ایکوساک) کے چون ارکان میں سے باون کے ووٹ حاصل کرکے ’پروگرام اینڈ کوآرڈینیشن‘ کمیٹی (سی۔پی۔سی) کی سربراہی کا انتخاب جیت لیا ہے۔ یہ واضح برتری کل ووٹوں کا 96 فیصد رہی۔
’سی۔پی۔سی‘ کے لئے پاکستان کا دوبارہ انتخاب اقوام متحدہ کے اندر پاکستان کی نتیجہ خیز سرگرمیوں اور رابطوں کے علاوہ پائیدار ترقی کے اہداف (ایس۔جی۔ڈیز) اور عالمی معاشی تعاون کے شعبوں میں کاوشوں کی توثیق اور اس سے قبل کی مدت میں پاکستان کی شان دار کارکردگی کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔
یہ کمیٹی منصوبہ بندی، پروگرامنگ اور اقوام متحدہ کے امور کار کے لئے ’ایکوساک‘ اور اقوام متحدہ کے ذیلی مرکزی ادارے کے طورپر کام کرتی ہے۔ ’سی۔پی۔سی‘ کی ذمہ داریوں میں اقوام متحدہ کے پروگرامز کا جائزہ اور قانونی مینڈیٹس کو پروگرام سرگرمیوں میں تبدیل کرنے کے لئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کوسفارشات پیش کرنا ہے۔
کمیٹی میں پاکستان کی موجودگی سے مددملے گی کہ ہم اقوام متحدہ کے پروگرام اور بجٹ پلاننگ کی موثر تیاری میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔
پاکستان 1973 سے چونتیس رکنی اس کمیٹی کا رکن ہے اور حالیہ انتخاب سے 2021 سے 2023 تک مزید تین سال کے لئے اس میں امور انجام دے گا۔
پاکستان اس وقت اقوام متحدہ میں ’ایکوساک‘ کے صدر کے طورپر فرائض انجام دے رہا ہے جو اقوام متحدہ کا ایک بنیادی ادارہ اور معاشی وسماجی ترقی کے لئے مرکزی پلیٹ فارم ہے جو عالمی سطح پرمشترکہ ترقیاتی اہداف کے حصول کی کوششوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے اور اشتراک عمل کے لئے کوششیں کرتا ہے۔
ہمیں امید ہے کہ ’سی۔پی۔سی‘ میں ہمارے دوبارہ انتخاب سے پاکستان اقوام متحدہ کے منشور میں درج عالمی تعاون، معاشی وسماجی ترقی کے اہداف کے فروغ کے لئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔